کراچی کنگز کے آل راؤنڈر عامر جمال کو پشاور زلمی کے خلاف حالیہ میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اس سنسنی خیز مقابلے میں کراچی کنگز نے محض 2 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، تاہم فتح کے باوجود عامر جمال کو غیر پیشہ ورانہ رویے کی وجہ سے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔میچ کے دوران عامر جمال کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جس کے تحت کھلاڑیوں کو نامناسب زبان یا اشارے استعمال کرنے سے روکا جاتا ہے۔ یہ واقعہ پہلی اننگز کے 15ویں اوور میں پیش آیا، جب عامر جمال نے حسین طلعت کو آؤٹ کرنے کے بعد ان کے قریب جا کر نامناسب الفاظ کہے۔
میچ آفیشلز فیصل خان آفریدی اور پال ریفل نے یہ واقعہ رپورٹ کیا، جس کے بعد میچ ریفری افتخار احمد نے عامر جمال پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا۔ عامر جمال نے نہ صرف الزام تسلیم کیا بلکہ میچ ریفری کی تجویز کردہ سزا بھی قبول کر لی، یوں باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہ آئی۔یہ اقدام ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور میدان میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے ایک یاد دہانی کے طور پر لیا جا رہا ہے، تاکہ کھلاڑی آئندہ ایسے رویے سے گریز کریں۔