ویب ڈیسک: جناح ہاؤس سمیت تمام نو مئی کے مقدمات کا ٹرائل 4 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالتوں (اے ٹی سی) کی دو عدالتیں خاص طور پر نو مئی کے مقدمات کی سماعت کریں گی۔اے ٹی سی ایڈمن جج منظر علی گل نو مئی کے مقدمات کی سماعت کریں گے، جبکہ اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 کے جج ارشد جاوید ان مقدمات کی سماعت کریں گے۔ یہ دونوں عدالتیں آئندہ 4 ماہ تک صرف نو مئی کے مقدمات کی سماعت کریں گی، جبکہ دیگر عام مقدمات کو اے ٹی سی کورٹ نمبر 2 میں منتقل کر دیا گیا ہے۔اس فیصلے کے تحت عوامی تحریک کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سمیت دیگر اہم مقدمات، جیسے واربرٹن قتل اور جلاؤ گھیراؤ کیس، بھی کورٹ نمبر 2 میں منتقل کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سی ٹی ڈی کیسز سمیت 30 مقدمات کو دونوں عدالتوں سے منتقل کیا گیا ہے۔سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ نے نو مئی کے مقدمات کا جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ انصاف کی فراہمی میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ عدالتوں کی جانب سے یہ اہم فیصلہ نو مئی کے واقعات کی جلد سماعت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔