3 پولیس مقابلے ،4ملزم ہلاک

 سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں ملزم افضال ہلاک ،گرین ٹائون میں حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار 
ماموں کانجن میں ظفر اقبال ، نذیر رجانہ ،ڈیرہ غازیخان میں اشتہاری کاشف برنانی ہلاک مارا گیا ،نوید لجانی زخمی 
 لاہور (کرائم رپورٹر)3پولیس مقابلوں میں 4ملزم ہلاک ہو گئے ،لاہور میں ملزم افضال ، ماموں کانجن میں ظفر اقبال ، نذیر رجانہ ،ڈیرہ غازیخان میں اشتہاری کاشف برنانی ہلاک مارا گیا ،کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ٹائون شپ کی ٹیم کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں زیرِ حراست ملزم افضال اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ گرین ٹائون کے علاقے میں پیش آیا۔پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی کی ٹیم زیرِ حراست ملزم افضال کو مالِ مسروقہ و اسلحہ کی برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ اس کے مسلح ساتھیوں نے ملزم کو چھڑانے کے لیے پولیس پارٹی پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران زیرِ حراست ملزم افضال اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد حملہ آور ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ہلاک ملزم افضال کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، ۔ تھانہ ماموں کانجن کی حدود میں لوٹ مار کے دوران حساس ادارے کے ملازم کو فائر مارکر زخمی کرنے والے مبینہ دو ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک جبکہ 4 فرار ہوگئے،مقابلہ اسی مقام508گ ب میں ہوا جہاں ان ڈاکوئوں نے واردات کی تھی۔ دو روز قبل بھی چک508گ ب میں ڈاکوئوں کے چار رکنی گروہ نے تین افراد کو لوٹنے کیدوران حساس ادارے کے ملازم کوفائر مار کرزخمی بھی کردیا تھا سی سی ڈی سرکل سمندری کے مطابق وہ گشت پر تھے کہ ڈاکوئوں کا چھ رکنی گروہ پھر سے وارات کی نیت سے508گ ب پہنچ آیاجہاں انکا سی سی ڈی صدر ڈویڑن سمندری حافظ عامر فرمان گجر،اے ایس آئی نعیم شاہ اور اے ایس آئی محمد علیم جھورڑ کی ٹیم سے آمناسامنا ہوگیا،پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ میں دو مبینہ ڈکیت زخمی ہوگئے جو ہسپتال منتقل کیے جانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے،ہلاک ہونے والے ڈاکوئوں کی شناخت ظفر اقبال سکنہ ساہیوال اور نذیر سکنہ چک نمبر 194 گ ب تھانہ رجانہ کے نام سے ہوئی جو پنجاب کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی سمیت سنگین نوعیت کے 40مقدمات میں ملوث نکلے۔پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے کے دوران ملزموں کے 4ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ڈیرہ غازیخان کے تھانہ کالا پولیس اور ریکارڈ یافتہ اشتہاری ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے میں اشتہاری کاشف عرف کاشی برنانی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ مغوی نوید لجانی زخمی حالت میں بازیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ ریکارڈ یافتہ اشتہاری کاشف عرف کاشی برنانی اپنے ساتھیوں اور مغوی نوید لجانی کے ہمراہ بستی برنانی، موضع ٹھنڈی میں موجود ہے۔ پولیس ٹیم نے ملزموں کی گرفتاری اور مغوی کی بازیابی کیلئے موقع پر کارروائی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ کردی جس پر پولیس نے حفاظتی اقدام کے طور پر جوابی کارروائی کی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران کاشف عرف کاشی برنانی اور مغوی نوید لجانی زخمی ہوگئے۔ دونوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم کاشف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ نوید لجانی کو طبی امداد فراہم کی گئی۔