بعض سرکاری حلقے فرنٹ لائن افسروں کو وسائل سے محروم کر رہے ہیں؛ وفاق ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گا
اسلام آباد ( آن لائن ) وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اس بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے کہ وفاقی حکومت اور وزیرِ داخلہ نے خیبرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑیاں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ یہ فیصلے بچگانہ سوچ اور نابالغانہ رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت پہلے ہی خیبرپختونخوا کو 600 ارب روپے سے زائد رقم دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے فراہم کر چکی ہے، جس کا مقصد سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ، فرانزک لیبز، سیف سٹیز اور دیگر سکیورٹی اقدامات ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس رقم کا حساب کتاب کیا جائے کیونکہ آج تک اس کا سراغ نہیں مل سکا ۔طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے دی گئی بلٹ پروف گاڑیاں بین الاقوامی معیار کی ہیں اور دہشت گردی کے آپریشنز اور خطرناک علاقوں میں استعمال کے لیے ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑیاں وفاقی وزراء ، اہم اداروں کے افسران اور مختلف آپریشنل جگہوں پر بروئے کار لائی جا رہی ہیں اور جہاں استعمال ہو رہی ہیں وہاں نقصانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔