راولپنڈی( خصوصی رپورٹ ) سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں ملزم احسن طاہر کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کی رہائی کی روبکار جیل انتظامیہ کو موصول ہونے کے بعد رہائی کا عمل مکمل کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے ملزم احسن طاہر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے اسے دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا، تاہم ضروری دستاویزات نامکمل ہونے کے باعث گزشتہ روز ملزم کی رہائی عمل میں نہیں آسکی تھی۔کیس میں اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی تھی جب مقتولہ کے اہل خانہ نے ملزم احسن طاہر کو معاف کر دیا تھا۔ مقتولہ کی بہن، والدہ اور مقدمے کے مدعی خرم احمد نے عدالت میں حلف نامے بھی جمع کرائے تھے۔یاد رہے کہ سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن مبینہ طور پر اپنے شوہر کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی تھیں، جس کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی راولپنڈی میں درج کیا گیا تھا