کیس میں نیا موڑ ، بھائی نے مقدمہ واپس لیتے ہوئے واقعہ کو حادثہ قرار دے دیا
راولپنڈی(آئی این پی ) راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں نجی ٹی وی چینل کی اینکرپرسن ربیعہ احسن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، انہیں گزشتہ روز گھر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔دریں اثنا ربیعہ احسن قتل کیس میں نیا موڑ آیا ہے بھائی نے مقدمہ واپس لیتے ہوئے واقعے کو حادثہ قرار دے دیا۔ نجی ٹی وی کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتولہ کے بھائی نے مقدمہ واپس لیتے ہوئے واقعے کو ایک ناگہانی حادثہ قرار دے دیا۔مقتولہ کے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی طور پر مقدمہ انہوں نے درج کروایا تھا، لیکن اب اپنا درج کردہ مقدمہ واپس لے رہا ہوں۔بھائی کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ قتل کے بجائے ایک ناگہانی حادثہ تھا، بہنوئی(احسن) نے قتل کی نیت سے فائرنگ نہیں کی تھی، دونوں میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی، جھگڑا یا خلش موجود نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت گھر میں ان کی بہن، والدہ، 2 بھانجیاں اور ملازم موجود تھے۔مقتولہ کے بھائی کے اس نئے بیان کے سامنے آنے کے بعد راولپنڈی پولیس نے واقعے کی ہر پہلو سے چھان بین جاری رکھتے ہوئے اب حادثے کے زاویے سے بھی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گولی ربیعہ احسن کی گردن کے نیچے والے حصے پر لگی۔پولیس کے مطابق ربیعہ کی احسن سے شادی 14 سال قبل ہوئی تھی، جبکہ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان کوئی ناچاقی نہیں تھی اور وہ خوشگوار زندگی گزار رہے تھے۔