اینکر ربیعہ احسن قتل کیس: شوہر کی 2 لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور

مقتولہ کی والدہ، بھائی اور بہن کے بیانات حلفی جمع، اہل خانہ نے موت کو حادثہ قرار دے دیا
راولپنڈی (آن لائن) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی خرم سلیم نے 92 نیوز چینل کی اینکر ربیعہ احسن کے قتل کے الزام میں گرفتار ان کے شوہر احسن طاہر کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دے دیا ہے۔گزشتہ روز مقدمے کی سماعت کے دوران مدعی اور مقتولہ کے بھائی کی جانب سے ملک محسن محمود کلیامی اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ہائی کورٹ بار صبا فراز راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر مقتولہ کی والدہ، بھائی اور بہن کی جانب سے بیانات حلفی بھی جمع کروائے گئے، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ربیعہ احسن کی موت ایک حادثہ تھی اور ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں۔عدالت نے اہل خانہ کی جانب سے جمع کروائے گئے بیانات حلفی اور پیش کردہ مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم احسن طاہر کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی