ایران امریکا سے جنگ کے خاتمے کے لیے سفارت کاری کا خواہاں ہے، عباس عراقچی

ایران امریکا سے جنگ کے خاتمے کے لیے سفارت کاری کا خواہاں ہے، عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری جنگ کا خاتمہ سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے اور ایران تنازع کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کے لیے تیار ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ تاحال جاری ہے۔اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ختم کرنے اور جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں کی جا سکتی ہیں۔ ایران مذاکرات کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی پیش رفت کے لیے امریکا کی جانب سے سنجیدگی اور قابل اعتماد ضمانت ضروری ہے۔ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تہران ایسا معاہدہ چاہتا ہے جو صرف موجودہ تنازع ختم کرنے تک محدود نہ ہو بلکہ مستقبل میں دوبارہ جنگ شروع ہونے کے امکانات کا بھی راستہ روکے۔ ایران کسی ایسے معاہدے پر اتفاق نہیں کرے گا جس میں اس کے بنیادی مفادات اور تحفظات کو نظرانداز کیا جائے۔عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران کا افزودہ یورینیم ملک سے باہر منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق جوہری پروگرام اور افزودہ یورینیم سے متعلق ایران کا مؤقف برقرار ہے اور اس معاملے پر تہران اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اہم بحری گزرگاہ ایران کی شرائط پوری ہونے تک بند رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال اور آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات بھی کسی ممکنہ معاہدے میں اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کو آگے بڑھانے سے پہلے امریکا کو اپنی سنجیدگی ثابت کرنا ہوگی، کیونکہ ایران ایسے مذاکرات کا خواہاں ہے جن کے نتائج قابل عمل اور دیرپا ہوں۔عباس عراقچی نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے متعلق ایران کے مؤقف میں تبدیلی کی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے جوہری نظریے اور این پی ٹی کے حوالے سے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔