ثاقب خان کے زخمی ہونے کے بعد اضافی ذمہ داری سنبھالنے میںمجھے کوئی مشکل پیش نہیں آئی؛فاسٹ باؤلر
راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کرنا خوش آئند ہے، کافی عرصے بعد پاکستان نے ٹیسٹ سیریز جیتی ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل باؤلنگ کرتے رہے ہیں، اس لیے ثاقب خان کے انجرڈ ہونے کے بعد اضافی ذمہ داری سنبھالنے میں انہیں کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔ ان کی کوشش تھی کہ ٹیم کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں بھی وکٹیں حاصل کیں تاہم سیریز نہ جیتنے کی وجہ سے وہ ان کارکردگیوں سے زیادہ لطف اندوز نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کرکٹ میں فٹنس برقرار رکھنے کے لیے اپنی خوراک اور ٹریننگ پر خصوصی توجہ دینا پڑتی ہے تاکہ کپتان کو ضرورت کے وقت بھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے دستیاب رہ سکیں۔ محمد عباس نے بتایا کہ وہ رواں سال اپریل سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں، اب چند ہفتے آرام کریں گے اور اگلی سیریز سے ایک ماہ قبل دوبارہ باؤلنگ شروع کر دیں گے۔ واضح رہے کہ محمد عباس نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔