صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ میں تنازع ختم کرنے کے جامع منصوبے پر مکمل اور فوری عمل درآمد کیا جائے:مسلم ممالک کا مطالبہ
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان سمیت 16 ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی آبادکاری سے متعلق سرگرمیوں پر برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں ہفتے برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع میں ملوث 8 اسرائیلی کمپنیوں کے علاوہ غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے والے اسرائیلی گروپ پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ دوسری جانب آسٹریلیا نے بھی مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی آبادکاری اور فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں ملوث 3 اسرائیلی افراد اور 4 تنظیموں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جاری مشترکہ اعلامیے میں پاکستان، کویت، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، الجزائر، سعودی عرب، صومالیہ، عمان، فلسطین، قطر، لیبیا، مالدیپ، مصر اور نائجر کے وزرائے خارجہ نے برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاری کی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا، جن میں یہودی بستیوں کی تعمیر میں ملوث کمپنیوں کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے