نیپئر (سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے کپتان شے ہوپ نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹ کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کردیا اور ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کی تاریخ میں بھی کئی اعزاز اپنے نام کر لیے۔شے ہوپ نے نیپئر میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے برق رفتار سنچری مکمل کی اور ریکارڈ قائم کیا لیکن ویسٹ انڈیز کو شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ویسٹ انڈیز کے کپتان نے 69 گیندوں پر 13 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 109 رنز بنائے جس کی بدولت 34 اوورز میں ٹیم نے 9 وکٹوں پر 247 رنز بنا لیے۔نیوزی لینڈ نے میچ میں 3 گیندیں قبل 248 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا اور سیریز بھی جیت لی۔شے ہوپ نے میچ میں سنچری بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی 11 ٹیموں سمیت تمام فل ممبرز کے خلاف ون ڈے میں سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کیا، اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے اور ویسٹ انڈیز کے ہی کرس گیل نے 12،12 ٹیموں کے خلاف سنچری بنا کر ریکارڈ بنایا تھاویسٹ انڈیز کے سٹار بیٹر نے 11 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے علاوہ نیدرلینڈز اور نیپال جیسی فل ممبر ٹیموں کے خلاف بھی سنچری بنائی ہے جس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔بین الاقوامی کرکٹ میں زیادہ ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے والے دیگر بیٹر میں سچن ٹنڈولکر، گیری کرسٹن، رکی پونٹنگ، راہول ڈریوڈ، کمار سنگاکارا، ہاشم آملہ، شیکھر دھون، مارٹن گپٹل اور آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ 11،11 ٹیموں کے خلاف سنچری بنا چکے ہیں۔شے ہوپ نے ون ڈے میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلا دیش، انگلینڈ، بھارت، آئرلینڈ، نیپال، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقا، سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف سنچریاں بنائی ہیں۔رپورٹ کے مطابق شے ہوپ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری بنا کر ون ڈے کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ ٹیموں کے خلاف سنچری کا ریکارڈ بنایا ہے، اس سے قبل سچن ٹنڈولکر، رکی پونٹنگ، کرس گیل، ہاشم آملہ اور مارٹن گپٹل نے ون ڈے میں 11 ٹیموں کے خلاف سنچریاں بنائی تھیں۔