جماعت اسلامی کا 3روزہ اجتماع شروع

 گریٹر اقبال پارک میں بڑی تعداد میں شرکاء کی آمد متوقع ،2فیلڈ ہسپتال، 4 ڈسپنسریاں قائم
لاہور (خصوصی رپورٹ)جماعت اسلامی پاکستان کا 24 واں اجتماع عام ’’بدل دو نظام‘‘کے سلوگن کے ساتھ آج 21 نومبر بروز جمعہ سے 23 نومبر بروز اتوار تک مینارِ پاکستان اور گریٹر اقبال پارک میں منعقد ہوگا، 11 سال بعد منعقدہ اس بڑے اجتماع میں ملک بھر کے علاوہ بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں شرکاء کی آمد متوقع ہے،خواتین، نوجوانوں، بزرگوں اور شیر خوار بچوں سمیت ہر عمر کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوگی ، شرکاء کی سہولت کیلئے وسیع و عریض انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ، 2 ہزار سے زائد انتظامی رضاکار اور جماعت کے 2 ہزار سکیورٹی کارکن مختلف شعبوں میں ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے، اجتماع کے دوران مختلف سیشنز منعقد ہوں گے جن میں ملکی اہم شخصیات اور145 غیر ملکی مندوبین و مہمان شریک ہوں گے، خواتین کیلئے الگ پنڈال قائم کیا گیا ہے۔شرکاء کیلئے 2 فیلڈ ہسپتال، 4 ڈسپنسریاں قائم،2000 سے زائد واش رومز کی تنصیب کرلی گئی ،ایک وقت میں 4 ہزار افراد کیلئے وضو کا انتظام کیا گیا ہے۔ ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے معروف شاعر انور مسعود کی صدارت میں خصوصی مشاعرہ بھی ہوگا۔