دبئی ایئر شو :بھارتی فوجی پاکستانی پویلین پہنچ گئے، چائے کی آفر پر معذرت

 ایف-17 تھنڈر کو قریب سے دیکھا، صلاحیتوں پر سوالات ،سیلفیاں بھی لیں
کوئی مہمان آئے تو ہماری طرف سے ویلکم، پاکستانی حکام ، سوشل میڈیا پر تبصرے 
 دبئی( مانیٹرنگ ڈیسک )دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں، پائلٹس اور افسروں نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس پاکستانی ہتھیاروں میں دلچسپی دکھائی۔بھارتی پائلٹس کی بڑی تعداد جے ایف-17 تھنڈر کے قریب پہنچی اور طیارے سے متعلق تکنیکی معلومات بھی حاصل کیں۔عینی شاہدین کے مطابق بھارتی فضائیہ کے افسران اور پائلٹس نے جے ایف-17 تھنڈر کو قریب سے دیکھا، اس کی صلاحیتوں پر سوالات کیے اور طیارے کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔پاکستانی حکام کے مطابق اس موقع پر پاک فضائیہ کے پائلٹس کی جانب سے بھارتی فوجیوں کو چائے کی دعوت بھی دی گئی۔پاک فضائیہ کے پائلٹس کا کہنا تھا کہ آئیے آپ کو چائے پلائیں ، جس پر بھارتی فوجیوں نے انتہائی شکریہ کے ساتھ معذرت کرلی اور بس پانی پر ہی اکتفا کیا۔پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ کوئی مہمان آجائے تو ہماری طرف سے ویلکم ہی ہے۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی پائلٹس اور فضائیہ کے اہلکار ڈسپلے ایریا میں جے ایف 17 تھنڈر کے ساتھ ذوق شوق کے ساتھ تصاویر بنوا رہے ہیں۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھارتی فضائیہ پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔ ایکس پر ایک بھارتی صارف نے طنزیہ سوال کیا کہ 'پائلٹ ایک ساتھ ہنس سکتے ہیں لیکن کرکٹرز ہاتھ نہیں ملاسکتے'۔فیس بک پر ایک پاکستانی صارف نے تبصرہ کیا کہ پاک فضائیہ مہمانوں کے ساتھ پروفیشنل طریقے سے پیش آتی ہے اور انہیں 'فنٹاسٹک ٹی' پیش کرنے میں کوئی عار نہیں محسوس کرتی۔