صبا احسان،شازیہ بلوچ ،عائشہ چودھری و دیگر کو جواب جمع کرانے کی ہدایت
غیر اخلاقی مواد، غیر سینسر شدہ پرفارمنس برداشت نہیں کی جائیگی:آرٹس کونسل
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب کونسل آف دی آرٹس اور محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومتِ پنجاب نے 5 سٹیج اداکاراؤں کو تھیٹر میں ایس او پیز، ڈرامہ ایکٹ اور تھیٹر پالیسی کی خلاف ورزیوں پر نوٹسز جاری کر دئیے۔ای مانیٹرنگ رپورٹ کے مطابق اداکارہ صبا احسان ،شازیہ بلوچ ،عائشہ چودھری ،نینا شہزادی اور نیہا چودھری کو مختلف تھیٹرز میں پیش کر دہ ڈراموں کے دوران پبلک اِنوالومنٹ، غیر سینسر شدہ اور غیر اخلاقی پرفارمنسز پیش کرنے اور مقررہ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب آرٹس کونسل کے مطابق اداکاراؤں کی جانب سے غیر سینسر شدہ پرفارمنس اور غیر اخلاقی مناظر پیش کئے جانے کے شواہد رپورٹ میں واضح ہیں ،تمام اداکاراؤں کو دو روز کے اندر پنجاب آرٹس کونسل میں تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی تھیٹر میں بڑھتی خلاف ورزیوں پر متعدد فنکاروں کو نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ چند روز قبل ہی 6 خواتین اداکاراؤں پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔پنجاب آرٹس کونسل کا کہنا ہے کہ تھیٹر میں غیر اخلاقی مواد، غیر سینسر شدہ پرفارمنس اور عوام کو ڈراموں میں شامل کرنے کا عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔