پابندی سرکاری اور نجی دونوں سکولوں کیلئے ہوگی‘سربراہوں کو سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت
لاہور (آئی این پی )پنجاب بھر کے اسکولوں میں طلبہ کے موبائل فون استعمال کرنے پر باقاعدہ پابندی عائد کر دی گئی۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق یہ پابندی سرکاری اور نجی دونوں طرح کے تمام سکولوں پر یکساں طور پر لاگو ہوگی۔نئے فیصلے کا مقصد بچوں کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانا، ان کی توجہ پڑھائی پر مرکوز رکھنا اور اسکولوں میں نظم و ضبط کو مزید موثر بنانا ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کی تمام ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔مراسلے میں واضح طور پر کہا گیا کہ کسی بھی طالب علم کو اسکول کے احاطے میں موبائل فون ساتھ لانے یا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ اسکول سخت کارروائی کرنے کا اختیار رکھتا ہے