پاکستان اور بھارت ایٹمی ہتھیار چلانے کے قریب تھے:ٹرمپ

 350 فیصد ٹیرف کی دھمکی سے پاک بھارت جنگ رکوائی،ایٹمی دھول امریکہ تک نہیں چاہتا تھا
 وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے  فون کر کے  کہا  آپ نے لاکھوں جانیں بچا لیں:امریکی صدر
واشنگٹن (آئی این پی  )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ کو روکنے کا دعوی کرتے ہوئے میں کہا  ہے کہ میں نے لاکھوں جانیں بچا لیں، 350 فیصد ٹیرف کی دھمکی سے پاک بھارت جنگ رکوائی، دونوں ملک ایٹمی ہتھیار چلانے کے قریب تھے۔  سعودی سرمایہ کاری کانفرنس  سے خطاب میں اپنی مخصوص انداز میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ دنیا کے تنازعات حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے پاک بھارت جنگ کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچا ہوا بحران قرار دیا۔ٹرمپ کے مطابق دونوں ملک ایٹمی ہتھیار چلانے کے قریب تھے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اگر پاکستان اور بھارت جنگ کی طرف بڑھتے تو واشنگٹن دونوں پر 350 فیصد کا بھاری ٹیرف عائد کر دیتا۔ میں  نے   کہا ٹھیک ہے، تم جنگ کرنا چاہتے ہو تو کر لو، مگر میں ہر ملک پر 350 فیصد ٹیرف لگائوں گا۔ میں یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ تم ایٹمی ہتھیار چلا، لاکھوں لوگ مر جائیں، اور اس کا ایٹمی غبار لاس اینجلس تک پہنچ جائے۔