دبئی میں سربراہ پاک فضائیہ نے دوست ممالک کے فضائی سربراہوں سے اعلیٰ سطحی پر ملاقاتیں کیں
دبئی ایئر شو 2025 میں عالمی فضائی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے :ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر
دبئی (آن لائن) دبئی ایئر شو 2025 کے موقع پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دوست ممالک کے فضائی سربراہان سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں متحدہ عرب امارات کے انڈر سیکرٹری برائے دفاع لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر العلاوی اور کمانڈر یو اے ای ائیر فورس اینڈ ائیر ڈیفنس میجر جنرل راشد محمد الشمسی شامل تھے۔ملاقاتوں کا محور اعلیٰ تربیت کے شعبوں میں تعاون، ابھرتی ہوئی ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں اشتراک، اور آپریشنل ہم آہنگی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ اماراتی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کی جدت طرازی، بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیتوں اور مقامی ترقی کو سراہتے ہوئے مشترکہ مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلوں اور مستقبل کی بین العسکری شراکت داریوں کو مزید استوار کرنے کا عزم ظاہر کیا۔پاکستان ایئر فورس کا دستہ ایئر شو میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عالمی فضائی برادری کے ساتھ مضبوط روابط کی نمائندگی کر رہا ہے۔ اس دوران جے ایف–17 تھنڈر بلاک تھری طیارے نے خاص توجہ حاصل کی، جسے دفاعی تجزیہ کاروں اور ہوا بازی کے ماہرین نے دلچسپی سے دیکھا۔جدید ٹیکنالوجی، مضبوط جنگی صلاحیت اور عملی کارکردگی کی بدولت جے ایف–17 تھنڈر ایک کم لاگت کثیر المقاصد لڑاکا طیارے کے طور پر نمایاں ہوا۔ اس موقع پر ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف–17 تھنڈر کی خریداری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے، جو پاکستان کی ایرو اسپیس صلاحیتوں اور بین الاقوامی دفاعی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔