ایوان بالا کو قومی یکجہتی اور صوبائی ہم آہنگی میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے(شہباز شریف)

 ن لیگ کے پارلیمانی گروپ کو ایوان میں  تمام جماعتوں کے ساتھ مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں، آج کے دور میں مضبوط خارجہ پالیسی کی اہمیت کئی گنا بڑھ چکی ہے:عرفان صدیقی سے ملاقات میں گفتگو
ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے، سکول نہ جانے والے لاکھوں بچوں کے داخلے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں: عالمی یوم اطفال کے موقع پر پیغام

اسلام آباد (بیورو رپورٹ ) وزیراعظم شہباز شریف سے سربراہ سینیٹ خارجہ امور کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا، عرفان صدیقی نے وزیر اعظم کو قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے حوالے سے بھی بریف کیا۔ ملاقات کے دوران عرفان صدیقی نے معاشی اہداف کے حوالے سے شاندار کار کردگی پر وزیر اعظم کو مبارکباد بھی پیش کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹرز قابل تحسین کر دار ادا کر رہے ہیں، وفاق کی علامت ہونے کے حوالے سے ایوان بالا کو قومی یکجہتی اور صوبائی ہم آہنگی میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ  ن پارلیمانی گروپ کو اس مقصد کے لیے ایوان میں موجود تمام دوسری جماعتوں کے ساتھ مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں، آج کے دور میں مضبوط خارجہ پالیسی کی اہمیت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ شہباز شریف نے توقع ظاہر کی کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ ایک تھنک ٹینک کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کی رہنمائی کرے گی۔دریں اثناء عالمی یوم اطفال کے موقع پر پیغام میں شہبازشریف نے کہا ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور ایک محفوظ اور پرورش کرنے والا ماحول فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے تاکہ بچے اپنی مکمل صلاحیتوں کو حاصل کر سکیں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں،عالمی یوم اطفال ہمیں اس اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ ہم بلا تفریق ہر بچے کے حقوق کے تحفظ اور تکمیل کو یقینی بنائیں‘ یہ دن ہمیں اس اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ ہم بلا تفریق ہر بچے کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، محفوظ اور پرورش کرنے والا ماحول فراہم کریں تاکہ وہ اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ کمیونٹی آئوٹ ریچ اور خاندانوں کو بچوں کو سکول بھیجنے کی ترغیب دینے کے لئے خصوصی مہمات کے ذریعے سکول نہ جانے والے لاکھوں بچوں کے داخلے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔