دوسرے فریق کو سن لیتے ہیں، جسٹس اعظم خان، عدالت نے جواب طلب کر لیا
اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کے لئے مقرر کرنے کی متفرق درخواستوں پر سٹیٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیئے کہ نوٹس جاری کر رہے ہیں دوسرے فریق کو سن لیتے ہیں۔ پیر کو عید سے پہلے آخری ورکنگ ڈے ہے اس دن نہیں رکھ سکتے۔ انھوں نے یہ ریمارکس بدھ کے روزدیے ہیں اس دوراں عدالتی کارروائی کا جائزہ لینے کے لئے آنے والے یورپی یونین کے نمائندے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے متفرق درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے سٹیٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نوٹس جاری کر رہے ہیں دوسرے فریق کو سن لیتے ہیں۔ ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ہادی علی چٹھہ کے وکیل فیصل صدیقی نے استدعا کی کہ کیس پیر کو سماعت کیلئے رکھ لیں، جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیئے کہ پیر کو عید سے پہلے آخری ورکنگ ڈے ہے اس دن نہیں رکھ سکتے۔ فیصل صدیقی نے کہا کہ پیر کو رکھ دیں اور دوسرا فریق آ کر التوا مانگتا ہے تو ہم اعتراض نہیں کرینگے، جسٹس اعظم خان نے کہا کہ عید کے بعد پہلے ورکنگ ڈے پر کیس رکھ رہے ہیں، اب آپ کی قسمت ہی ایسی ہے میں کیا کروں؟۔ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ دونوں وکلا ہماری بار کے معزز ممبران ہیں، کیس پیر کیلئے رکھ لیں، جسٹس اعظم خان نے کہا کہ میں دیکھ لیتا ہوں کہ پیر کو ہمارے پاس کیا کیسز ہیں، جس پر فیصل صدیقی نے کہا کہ آپ عید کے بعد پہلا ورکنگ ڈے ہی رکھ دیں، عدالت نے سٹیٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی