واہگہ بارڈ ر پر بھارتی عوام آج سے پرچم کشائی اور پریڈ کی تقریب دیکھ سکیں گے
بھارت کی جانب سے سرحد کی بندش سمیت بعض سفارتی اقدامات بدستور برقرار
اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان اور بھارت میں 30مئی تک اپنی افواج کو زمانہ امن کی پوزیشن میں لے جانے پر اتفاق ہوگیا ،اس معاملے میں پیشرفت ڈی جی ایم اوز کے ہاٹ لائن پررابطے میں ہوئی ،بھارت نے واہگہ بارڈر پر روزانہ کی پرچم کشائی اور مارچ کی تقریب بحال کرنے کابھی اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز)کے درمیان حالیہ رابطے میں پیش رفت ہوئی ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان بات چیت میں دونوں ممالک نے افواج کو مرحلہ وار معمول کی پوزیشن پر لے جانے پر اتفاق کیا ۔ کشیدگی میں کمی یقینی بنانے کیلئے دونوں ملک افواج کو زمانہ امن کی پوزیشن پر لے کر جائیں گے، افواج کی نارمل پوزیشن پر واپسی کئی مراحل میں ہوگی، دونوں ممالک نے تمام فوجیں 30 مئی تک نارمل پوزیشن پر واپس لانے پر اتفاق کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن کے ذریعے رابطہ ہوا تھا جو دونوں ممالک کے درمیان سیزفائر کے بعد تیسرا رابطہ تھا۔دوسری طرف بھارت نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ واہگہ اور اٹاری سرحد پر روزانہ کی پرچم کشائی اور مارچ کی تقریب دوبارہ شروع کر رہا ہے، جسے رواں ماہ کے آغاز میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف)کے مطابق گزشتہ روز یہ تقریب صرف میڈیا کیلئے تھی جب کہ آج سے عام عوام کو بھی تقریب میں شرکت کی اجازت ہوگی۔پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے واہگہ سرحد پر تقریب بند نہیں کی تھی اور ان کے فوجی یکطرفہ طور پر مارچ کرتے رہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ تقریب فی الحال محدود سطح پر ہی ہوگی کیونکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بعض سفارتی اقدامات بدستور برقرار ہیں، جن میں زمینی سرحد کی بندش بھی شامل ہے۔واہگہ اوراٹاری سرحد پر روزانہ والی یہ تقریب برسوں سے ایک اہم سیاحتی کشش بنی ہوئی ہے، جس میں دونوں ممالک کے شہری اپنے اپنے فوجیوں کی پریڈ اور پرچم کشائی کا جوش و خروش سے مشاہدہ کرتے ہیں۔