اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو روند ڈالا

راولپنڈی میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن ٹھس ہو گئی، پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے کا کنگز کا خواب چکنا چور ہو گیا
راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہواوں میں اڑنے والی کراچی کنگز کو روند ڈالا، راولپنڈی میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن ٹھس ہو گئی، پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے کا کنگز کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 10 کے لیگ میچز کا آج اختتام ہو گیا۔ رواں سیزن کے آخری لیگ میچ کے سلسلے میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دے دی۔راولپنڈی میں کھیلے گئے ایونٹ کے 30 ویں میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم 252 رنز کے تعاقب میں 19 ویں اوور میں 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔عباس  آفریدی 34،  ٹِم سائفرٹ 26، عامر جمال 16، عرفان خان نیازی 14، جیمز ونس 8، محمد نبی 5، سعد بیگ 5، خوشدل شاہ 1 جبکہ حسن علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔میر حمزہ 12 رنز بنا کر ناٹ  آؤٹ رہے۔یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 4، سلمان ارشاد نے 3، عماد وسیم نے 2 اور سلمان آغا نے 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز اسکور کیے تھے۔یونائیٹڈ کی جانب سے ایلکس ہیلز دھواں دار 88 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صاحبزادہ فرحان 73، کپتان شاداب خان 42، سلمان آغا 7 اور رسی وین ڈر ڈوسین 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔حیدر علی 19 اور بین ڈوارشوئس 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔کنگز کی جانب سے میر حمزہ، عامر جمال اورخوشدل شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔