لاہور(آئی این پی)پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان آپس میں لڑ پڑے۔اپوزیشن رکن سردار علی خان اور وزیر پارلیمانی امور مجتبی شجاع الرحمان کے درمیان گالم گلوچ ہوئی، دونوں میں تلخ کلامی شروع ہوئی تو بات گالم گلوچ تک پہنچ گئی۔جس کے بعد وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان غصے میں آ گئے، اپوزیشن رکن سردار علی خان کو ندیم قریشی نے خاموش کروا دیا۔مجتبیٰ شجاع الرحمان کو رانا ارشد نے اپنی سیٹ پر بٹھایا جبکہ پینل آف چیئر پرسن سمیع اللہ خان دونوں ارکان کو بیٹھنے کی ہدایت کرتے رہے۔سمیع اللہ خان نے کہا کہ مائیک کھولنے کے لیے کوئی ایم پی اے اسٹاف کو نہیں کہہ سکتا، مائیک کھولنے کے احکامات اسپیکر ہی دے سکتا ہے، اگر سردار علی خان سیٹ پر بیٹھ جاتے تو بات اس حد تک نہ بڑھتی۔پنجاب اسمبلی اجلاس میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ ہیڈ کوارٹرز سے یونیورسٹی ڈراپ کرنے کے معاملے پر حکومتی رکن امجد علی جاوید غصہ میں آگئے۔امجد علی جاوید نے احتجاجا ہایئر ایجوکیشن کے متعلق تمام سوالات ڈراپ کر دیئے ۔