پیشگی وقت لینے پر ملاقاتیوں کو مخصوص ملاقات شیڈ میں آن لائن ملوایاجائیگا، انتظار گاہوں پررش کم ہوگا
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات کے نظام کو مزید آسان بنانے کیلئے ایڈوانس بکنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت ملاقاتی آن لائن ملاقات کیلئے پیشگی وقت حاصل کر سکیں گے۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کے مطابق ملاقاتیوں کو دیئے گئے وقت پر قیدی کو بلا کر مخصوص ملاقات شیڈ میں ملوایا جائے گا۔شہری ویب سائٹ اور واٹس ایپ نمبر سیاپنے کوائف بھجوا کر ملاقات کا وقت لے سکیں گے۔ اس منصوبے کا آغاز گزشتہ سال لاہور کی کیمپ جیل میں ایک پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کیا گیا تھاجو کامیاب رہا۔ اب یہ سہولت اپریل سے لاہور کی سنٹرل جیل سمیت پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں دستیاب ہوگی۔جیل حکام کا کہنا ہے کہ ایڈوانس بکنگ سے انتظار گاہوں میں رش کم ہوگا اور ملاقاتوں کے دوران نظم و ضبط قائم رہے گا۔ دریں اثناپنجاب کی جیلوں میں ویڈیو کال سروس کی فراہمی سے بھی ملاقاتوں میں واضح کمی آئی ہے جس سے قیدیوں اور انکے اہلخانہ کو سہولت میسر آئی ہے۔