نیب لاہور نے ملزموں سے 2ارب برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرادیئے

 پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ شیخوپورہ کرپشن سکینڈل میں پلی بارگین کے تحت ملزموں سے رقم ریکور کی گئی،ڈی جی نیب لاہورنے رقم کا چیک سیکرٹری فنانس کے حوالے کردیا
لاہور(عدنان ملک)میگا کرپشن سکینڈل میں نیب لاہور  نے رواں سال کی بڑی ریکوری کرلی‘ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ،شیخوپورہ کے افسران اور اہلکاروں کیخلاف کرپشن تحقیقات میں 2 ارب مالیت کی ریکوری کی گئی‘ڈی جی نیب لاہور غلام صفدر شاہ نے برآمد شدہ رقم کا چیک سیکرٹری فنانس پنجاب کے حوالے کردیا۔نیب لاہور کے ترجمان کے مطابق نیب میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس شیخوپورہ کے افسران و اہلکاروں کیخلاف مبینہ طور پر 5 ارب مالیت کے بوگس چیکوں کے اجراء کی تحقیقات جاری ہیں۔ڈی جی نیب لاہور غلام صفدر شاہ نے بتایا کہ پلی بارگین کے تحت تاحال 2  ارب کی ریکوری ممکن بنائی گئی جسکی پہلی قسط قومی خزانہ میں جمع کرادی گئی ہے‘ملزمان کیخلاف کرپشن شکایات پر ستمبر 2024 میں انکوائری کا آغاز ہوا‘نیب انویسٹی گیشن ٹیم نے انتہائی قلیل مدت میں ملزمان سے 2 ارب کی ریکوری ممکن بنائی‘نیب لاہور انویسٹی گیشن ٹیم نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘مذکورہ سکینڈل میں دیگر ملزمان کیخلاف تحقیقات تاحال جاری ہیں‘متاثرین کی ریکوری کیلئے کرپشن کیسز میں ملزمان کی ضبط شدہ جائیدادوں کی فروخت کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔