اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)پاکستانی پاسپورٹ میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا،نئے جاری ہونے والے پاسپورٹ پر والد کے ساتھ اب والدہ کا نام بھی لازمی قرار دے دیا گیا۔ تجدید کرائے جانے والے پاسپورٹس پر والد اور والدہ کا نام بھی لکھا جائے گا۔ترجمان پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے مطابق فیصلہ عالمی معیار سے ہم آہنگ ہونے، سماجی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، اس اقدام کا مقصد عالمی تقاضے پورے کرنا ہے۔اس نئے نظام کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ جن کے پاس پہلے سے جاری شدہ پاسپورٹس ہیں، کیا ان کو نئے پاسپورٹ بنوانے ہوں گے؟ اس حوالے سے تاحال حتمی پالیسی جاری نہیں کی گئی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ پاسپورٹس اپنی میعاد تک کارآمد رہیں گے، اور نئی تبدیلی کا اطلاق آئندہ جاری ہونے والے پاسپورٹس پر ہوگا۔