پولیس مقابلے:تین خطرناک ڈاکو ہلاک، متعدد گرفتار

گگومنڈی میں یوسف ، اختر اور نارووال میں شہزاد عرف شادہ بٹ مارے گئے 
گگومنڈی، نارووال (خصوصی رپورٹ)سی سی ڈی پولیس کی مختلف کارروائیوں کے دوران پولیس مقابلوں میں تین خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ متعدد گرفتار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ملزموں کے خلاف درجنوں سنگین مقدمات درج تھے۔گگومنڈی میں گزشتہ شب سی سی ڈی بورے والا کی ٹیم گشت پر تھی کہ 505-ای بی موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے پولیس گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں سرقہ بالجبر اور چوری کے درجنوں مقدمات میں مطلوب یوسف عرف کْبہ قصائی ساکن حبیب کالونی اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے مارا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ دوسرا پولیس مقابلہ چٹی پلی کے قریب ہوا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں خطرناک ڈاکو اختر حسین ہلاک ہو گیا۔ادھر نارووال میں سی سی ڈی پولیس کا ڈاکوؤں سے مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ریکارڈ یافتہ بین الاضلاعی ڈاکو شہزاد عرف شادہ بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق شہزاد بٹ قتل، راہزنی، چوری اور ڈکیتی کے 58 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے دو زخمی ڈاکو احمد رضا اور رفیق کو گرفتار کر لیا جبکہ چار ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فرار ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ زخمی اور ہلاک ڈاکوؤں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔