دو ہفتے گزرنے کے باوجود وفاقی حکومت سبسڈی والی گندم فراہم کرنے میں ناکام ، غذائی بحران کا خدشہ
گلگت (آئی این پی )گلگت بلتستان میں گندم کی شدید قلت میں اضا فے کے پیش نظر خطے کے ذخائر ختم ہو چکے اور غذائی بحران کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جی بی کے محکمہ خوراک نے بتایا ہے کہ نئے مالی سال کے آغاز کے 2 ہفتے گزرنے کے باوجود وفاقی حکومت سبسڈی والی گندم فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔محکمہ خوراک کے حکام کے مطابق گندم کے ذخائر مکمل طور پر ختم ہو چکے ہیں۔وفاقی حکومت نے موجودہ مالی سال کے لیے گلگت بلتستان کے لیے ایک لاکھ 70 ہزار ٹن سے زائد گندم کی خریداری کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے ہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ایک بوری بھی فراہم نہیں کی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ میں 20 ارب روپے مختص کیے جانے کے باوجود اب تک ایک بوری گندم بھی فراہم نہیں کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ خوراک کے ایک افسر نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے دوران آخری بچی ہوئی تھوڑی بہت گندم تقسیم کر دی گئی تھی اور اب کچھ بھی باقی نہیں بچا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ قراقرم ہائی وے، بلتستان روڈ اور دیگر اہم راستوں پر بار بار ہونے والے لینڈ سلائیڈز نے سپلائی چین کو بری طرح متاثر کیا ہے۔