لاہور(آن لائن)پنجاب حکومت نے لاہور کی اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لیے ڈیجیٹل کرایہ ادائیگی نظام کی منظوری دے دی ہے،یہ چین،پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مکمل ہونے والا پہلا برقی ریلوے منصوبہ ہے۔ گوادر پرو کے مطابق منصوبے کے تحت روایتی ٹوکن سسٹم کو ختم کر کے بارکوڈ پر مبنی جدید نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے مسافر کریڈٹ، ڈیبٹ، اے ٹی ایم کارڈز اور موبائل والٹس کے ذریعے کرایہ ادا کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں،این ایف سی ٹیکنالوجی پر مبنی "ٹیپ اینڈ گو" سسٹم بھی لاگو کیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو پورے ماس ٹرانزٹ نیٹ ورک پر آسان اور فوری رسائی حاصل ہو۔حکومت نے "ٹی-کیش کارڈ" کے نام سے ایک یکساں کارڈ کی منظوری بھی دی ہے جو اورنج لائن کے تمام 27 اسٹیشنز پر استعمال کیا جا سکے گا۔ طلبہ کے لیے خصوصی رعایتی ٹرانزٹ کارڈز بھی جلد متعارف کروائے جائیں گے۔