مظفر گڑھ: ایک ماہ میں ایک ہی بستی کے 9 کم عمر بچے وائرل نمونیہ سے انتقال کر گئے

مظفر گڑھ: ایک ماہ میں ایک ہی بستی کے 9 کم عمر بچے وائرل نمونیہ سے انتقال کر گئے

مظفر گڑھ کے ایک گاؤں میں ایک ماہ کے دوران 9 کم عمر بچوں کی موت نے علاقے میں خوف و تشویش پیدا کر دی ہے۔

 متاثرہ بچوں کی عمریں ڈیڑھ سال سے 6 سال کے درمیان تھیں۔ اہل علاقہ کے مطابق بچوں کو پہلے تیز بخار لاحق ہوتا، پھر منہ پر سوجن آ جاتی، اور دو سے تین روز کے اندر وہ انتقال کر جاتے۔نجی ٹی وی کی نشاندہی پر ڈاکٹرز اور محکمۂ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچیں۔ بیمار ہونے والے 11 مزید بچوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر 37 بچوں کی ویکسینیشن بھی کی گئی۔

محکمۂ صحت کے مطابق، مرنے اور متاثرہ بچوں میں وائرل نمونیہ کی تشخیص ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ بعض والدین بچوں کو بروقت اسپتال نہیں لے گئے، جس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ گئی۔محکمۂ صحت نے مزید کہا کہ علاقے میں بچوں کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے اور اسپتال میں داخل بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔