شہر میں صبح کے وقت ہلکی دھند چھائی ہوئی ہے جبکہ سورج بھی بادلوں کے درمیان سے جھانکنے کو بے تاب دکھائی دے رہا ہے۔ موجودہ موسم خوشگوار ہے تاہم سردی کی شدت برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 اور کم سے کم 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک پہنچ چکا ہے جبکہ پانچ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔ موسمی ماہرین کے مطابق دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کل لاہور میں 70 فیصد بارش کا امکان موجود ہے، جس سے موسم مزید سرد ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 324 ریکارڈ کیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں یہ شرح 500 سے بھی تجاوز کر گئی، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ملکی مجموعی موسمی صورتحال پر نظر ڈالیں تو محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 24 جنوری تک ایک طاقتور مغربی سسٹم ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث فلیش فلڈ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ دریائے کابل اور اس کے معاون ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔فیڈرل فلڈ کمیشن نے سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ، مانسہرہ سمیت متعدد اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی ہدایت جاری کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی آج سے بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ادھر پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر ویز سمیت متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔