لاہور(زیڈ این این) ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ لیسکو اہلکار کو پنشن مراعات نہ دینے کے معاملے پر لیسکو چیف رمضان بٹ کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا ہے اور 10 فروری تک جواب طلب کر لیا ہے۔درخواست گزار ملک ایم ذاکر ناصر نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ 30 ستمبر 2020 کو ریٹائر ہوا، لیکن آڈٹ اعتراض کا جواز بنا کر اسے پنشن مراعات فراہم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے متعدد درخواستیں لیسکو چیف اور دیگر افسران کو دی تھیں، تاہم شنوائی نہ ہونے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔عدالت نے 27 اکتوبر 2025 کو زیر التوا درخواست پر فیصلے کا حکم دیا تھا، تاہم عدالتی حکم پر اب تک عمل درآمد نہیں ہوا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ حکم عدولی پر لیسکو چیف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔جسٹس محمد عاصم حفیظ نے درخواست گزار کے وکیل کے مؤقف کو سننے کے بعد لیسکو چیف رمضان بٹ سے 10 فروری کو جواب طلب کر لیا۔ اس کے ساتھ رواں ماہ لیسکو چیف کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔