بلوچستان سینٹر آف ایکسیلینس آن کائونٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم رولز 2025 کی منظوری ‘ حراستی مراکز میں دہشت گردی کے شبہ میں پکڑے گئے افراد کو رکھا جائے گا
مشتبہ افراد کے فیملی ممبرز کو ملاقات کی اجازت ہوگی، سرکاری سطح پر مقدمات کی پیروی مضبوط بنیادوں پر ہوگی، دہشت گردی کے مقامات میں مدعیوں اور گواہوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا
کوئٹہ(آئی این پی ) بلوچستان کی کابینہ نے بلوچستان سینٹر آف ایکسیلینس آن کائونٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم رولز 2025 کی منظوری دے دی۔ رولز کی منظوری کے بعد بلوچستان میں حراستی مراکز قائم کیے جا سکیں گے جہاں سکیورٹی اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے شبے میں پکڑے گئے مشتبہ افراد کو رکھا جائے گا۔وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 22 واں اجلاس ہوا، جس میں بلوچستان سینٹر آف ایکسیلینس آن کائونٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریزم رولز 2025 کی منظوری دے دی گئی ہے۔وزیر اعلی سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ مختلف لوگ مسنگ پرسنز پر سیاست کرتے ہیں، ہم نے مستقل بنیادوں پر یہ پروپیگنڈا دفن کر دیا ہے، مشتبہ افراد سے تفتیشی مراکز میں مجاز پولیس افسر کی نگرانی میں تفتیش ہوگی جبکہ مشتبہ افراد کے فیملی ممبرز کو ملاقات کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر مقدمات کی پیروی مضبوط بنیادوں پر ہوگی، دہشت گردی کے مقامات میں مدعیان اور گواہان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، اہم قوانین اور رولز کی منظوری بلوچستان کابینہ کی بہت بڑی کامیابی ہے جبکہ گڈ گورننس موثر قوانین کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبائی کابینہ نے بلوچستان پریوینشن ڈیٹینشن اینڈ ریڈیکلائیزیشن رولز 2025 کی منظوری بھی دے دی ۔وزیراعلی سرفرا بگٹی نے بلوچستان کابینہ کا محکمہ خزانہ میں آن لائن ٹیسٹ کے ذریعے میرٹ پر بھرتیوں پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ میرٹ کے فروغ کیلئے تمام محکموں میں بھرتیوں کا عمل مرحلہ وار ڈیجیٹائزڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں صوبائی کابینہ نے محکمہ مذہبی امور کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، ملازمین کو دیگر محکموں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا جبکہ صوبائی کابینہ نے نئے ڈویژن اور اضلاع کی تشکیل پر بھی غور کیا۔