بلوچستان میں تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کئے جائینگے:سرفراز بگٹی

نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں اور دیگر طبقات کو بااختیار بنانا ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کی بنیاد ہے
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان میں نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی سمیت نظر انداز طبقات کی سماجی ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت بلوچستان نے تاریخ ساز اور جامع اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، جن کے مثبت اثرات بتدریج سامنے آ رہے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ایف ڈی آئی پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عظمیٰ یعقوب نے ملاقات کی جس میں خواتین، نوجوانوں اور دیگر پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا  بلوچستان کی پہلی جامع یوتھ پالیسی کی منظوری سے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ دی گئی ہے جبکہ ٹرانس جینڈر پالیسی کے تحت معاشرے کے اس نظر انداز طبقے کو تعلیم، روزگار اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں‘ حکومت بلوچستان معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ترقی کے عمل میں کسی بھی طبقے کو پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا