ہیڈ کوچ کا بابر اعظم کو اوپننگ سے باہر رکھنے کا واضح عندیہ

ہیڈ کوچ کا بابر اعظم کو اوپننگ سے باہر رکھنے کا واضح عندیہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے واضح کیا ہے کہ بابر اعظم کو دوبارہ اوپننگ پوزیشن میں نہیں کھلایا جائے گا۔

 پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بابر کے پاور پلے میں اسٹرائیک ریٹ 100 سے کم رہا ہے، جو ٹیم کی موجودہ حکمت عملی کے مطابق نہیں ہے۔ہیسن نے بتایا کہ بابر اب مڈل آرڈر میں ضرورت کے مطابق مفید ثابت ہو سکتے ہیں، خاص طور پر جب ٹیم دباؤ میں ہو اور اننگز کو سنبھالنے کی ضرورت ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے بعد بابر کو مخصوص کردار دیا گیا تھا اور وہ اب زیادہ تر نمبر چار پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے خلاف میچ میں بابر نے سیٹ ہونے کے بعد اسٹرائیک ریٹ بڑھایا، جو ٹیم کو مطلوب کردار ہے۔ تاہم، ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو فنشر کا کردار بہتر انداز میں ادا کر سکتے ہیں، اس لیے بابر کو اپنے کھیل اور کردار میں تبدیلی لانی ہوگی۔

اب بابر کا کردار مرکزی سے اسٹیبلائزر یا بیک اپ آپشن کی صورت اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، بابر نے پانچویں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاور پلے کے دوران 217 گیندوں پر 187 رنز بنائے ہیں، جس سے ان کا اسٹرائیک ریٹ 86.17 بنتا ہے۔موجودہ نمبر 4 پوزیشن پر بھی ان کا اسٹرائیک ریٹ 120 کے قریب ہے، جو تیز رفتار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق زیادہ متاثر کن نہیں سمجھا جاتا۔