2مارچ کوپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ، زرداری خطاب کرینگے

 پارلیمانی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس متوقع ، کوشش کرینگے سب سے بات کریں 
 عمران کے معائنہ کے وقت بیرسٹر گوہر کو آنے کی پیشکش کی تھی :طارق فضل
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وفاقی وزیرپارلیمانی امورڈاکٹرطارق فضل چودھری نے صدارتی خطاب کیلئے 2مارچ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، 2مارچ کوصدر آصف علی زرداری پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ،پارلیمانی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس بھی متوقع ہے کوشش کریں گے اس بارے سب سے بات کریں۔انہوں نے وزارت پارلیمانی امورکی ایک سالہ کارکردگی کوبہترین قراردیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے بھی ہماری تعریف کی ،وزیراعظم کی ایڈوائس کے ساتھ مشترکہ اجلاس کی سمری تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کیآنکھ کے معائنہ کے وقت بیرسٹرگوہر اور سابق وزیراعظم کے فیملی ممبرز کو آنے کی پیشکش کی گئی تھی ،چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطہ ہوا تھا یقین دہانی کے باوجود نہ آئے۔شایدپی ٹی آئی میں فیصلہ ہی نہ ہوسکا کہ کون ملے گا، ہر کوئی خود کو پیش کررہا ہوگا جس نے آناتھا وہ پریشان ہوگیا ہوگا، بہرحال حکومت نے کھلے دل سے پیشکش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ کسی کو ملک میں نجی فورس بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،کوئی ان سے یہ تو پوچھے کیوں اپنے ہی عوام پرپی ٹی آئی حکومت نے صوبے کی سڑکیں، موٹروے بندکردی، انوکھی بات ہے کہ خود ہی اپنے عوام پر اپنے صوبے کی شاہراہیں بند کردیں۔