صد ر مملکت آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ، سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

 اسلام آباد(آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری آج پیر کوپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔سینیٹ اور قومی اسمبلی پر مشتمل پارلیمنٹ مجلس شوریٰ کاا جلاس آج سہ پہر تین بجے پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہو گا جس سے صدر مملکت آصف علی زرداری اپنا دوسرا خطاب کریں گے۔ایک سال سے کم عرصے میں یہ صدر زرداری کا پارلیمنٹ سے دوسرا خطاب ہو گا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب کے موقع پر تینوں سروسز چیفس،چاروں گورنر ، وزرائے اعلیٰ اور سفارتکاروں کو بھی گیلری میں مدعوکیا گیا ہے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے پیش نظر سکیورٹی انتہائی سخت کی جائیگی اور بغیر پاس کے داخلہ ممنوع ہو گا۔اپنے آدھ گھنٹے کے صدارتی خطاب میں آصف زرداری وفاقی حکومت کی ایک سال کی کارکردگی کا جائزہ پیش کریں گے۔