قومی ٹیم کیساتھ واقعہ بدقسمتی ہے، مہرین رزاق بھٹو وزیراعظم سے ملاقات کی جائے:خواجہ اظہار
اسلام آباد(آئی این پی )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کی ذیلی کمیٹی نے قومی ہاکی ٹیم کے مسائل پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی بریفنگ لینے کا اعلان کردیا۔مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ قومی ٹیم کیساتھ جو کچھ ہوا وہ بدقسمتی ہے، کمیٹی جائزہ لے گی کہ اس نااہلی کے اصل قصوروار کون ہیں۔پارلیمنٹ ہاوس میں مہرین رزاق بھٹو کی کنوینر شپ میں ہونیوالے اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عبوری صدر محی الدین وانی ، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ سمیت کمیٹی اراکان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمیٹی کے ارکان نے ہاکی کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ مہرین رزاق بھٹو نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ بدقسمتی ہے۔ ہمارے دل کرکٹ کی طرح ہاکی کے لیے بھی دھڑکتے ہیں۔ کمیٹی جائزہ لے گی کہ اس نااہلی کے اصل قصوروار کون ہیں۔ ہم اپنی کھیلوں کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔کمیٹی رکن خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ اور ہاکی فیڈریشن دونوں ہی ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ہاکی کے معاملات پر وزیراعظم سے ملاقات کی جائے اور کمیٹی میں بھیجی گئی انکوائری رپورٹ پیش کی جائے