قیدی کے ساتھ معاشقہ ، خاتون جیل افسر کو سزا،جرمانہ

لندن (نیٹ نیوز) برطانیہ میں ایک خاتون جیل افسر کو ایک قیدی کے ساتھ ممنوعہ تعلقات استوار کرنے پر ایک سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ڈیلی سٹار کے مطابق 29 سالہ ٹونی کول نارتھمپٹن شائر میں واقع جدید ترین "سپر جیل" ایچ ایم پی فائیو ویلز میں تعینات تھیں۔ انہوں  نے ایک قیدی کے ساتھ محبت میں مبتلا ہو کر اسے چار ہزار سے زائد میسجز بھیجے  اور 18 ویڈیو کالز کیں۔ عدالت میں بتایا گیا کہ یہ پیغامات اکثر فحش اور چھیڑ چھاڑ پر مبنی ہوتے تھے۔ ان کے تعلقات کا سلسلہ 9 دسمبر 2022 سے 25 جنوری 2023 تک جاری رہا لیکن بعد میں جیل حکام نے اسے بے نقاب کر دیا۔کول نے نارتھمپٹن کراؤن کورٹ میں سرکاری عہدے میں بدعنوانی کا اعتراف کیا، جس پر جج ڈیوڈ ہربرٹ کے سی نے انہیں 12 ماہ کی قید کی سزا سنائی اور 187 پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا۔