والد نے بدلہ لینا نہیں سکھایا:بلاول بھٹو

 عورتوں پر عائد پابندیوں کے باوجود بینظیر بھٹو ملک کی وزیراعظم بنیں،آج پنجاب کی وزیراعلیٰ بھی ایک خاتون ہیں
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ والدہ نے بدلہ لینا نہیں سکھایا، اسی لیے کہتا ہوں کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں لیکچر دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عورتوں پر عائد پابندیوں کے باوجود بینظیر بھٹو ملک کی وزیراعظم بنیں، انہوں نے پاکستان میں خواتین کے آگے آنے کیلئے راستہ کھولا، آج پنجاب کی وزیراعلیٰ بھی ایک خاتون ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو کی زندگی پاکستان کا مستقبل بہتر بنانے کیلئے صرف ہوئی۔۔ پاکستان کے عوام بہتر مستقبل کا مطالبہ کرنے کیلئے حق بجانب ہیں۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے صدر اسرار خان کی سوال جواب کی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نیب ڈریکونین لا ہے ہم اس کے آج بھی مخالف ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو بہتر بنایا ہے۔بلاول بھٹو نے بلوچستان میں سیکیورٹی صورت حال قابل تشویش قرار دیا۔