سیشن کورٹ کے باہر فائرنگ، ملزم کی بیوی زخمی حالت میں فرار ،حملہ آور عدالت خان نے گرفتاری دیدی
گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ)سیشن کورٹ کے باہر فائرنگ سے پیشی پر آیا ملزم قتل ، ملزم کی بیوی زخمی حالت میں فرار ،حملہ آور مشتعل ملزم سٹرک پر پڑی لاش کو ٹھوکریں مار کر دو بھائیوں کے قتل کا بدلہ لینے کے نعرے لگاتا رہا۔ حملہ آور ملزم عدالت خان نے میگزین خالی کر کے گرفتاری دیدی ۔ سیشن جج نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور رپورٹ لاہور ہائیکورٹ بھجوا دی۔ دو بھائیوں کے قتل کا مقدمہ ایڈیشنل سیشن جج تجمل حسین ہنجرا کی عدالت میں زیر سماعت تھا۔ مقدمہ میں تاریخ پیشی بھگتنے کے لئے گگڑکے کا فیضان موٹر سائیکل پر اپنی بیوی اور قتل کیس کی ملزمہ فرزانہ کے ہمراہ سیشن کورٹ کے باہر پارکنگ سٹینڈ پر پہنچا تو عدالت خان نے فائرنگ کر دی جس سے فیضان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فیضان کی بیوی فرزانہ کے ہاتھ پر فائر لگا تاہم وہ زخمی حالت میں موٹر سائیکل رکشہ پر بیٹھ کر فرار ہو گئی ،ملزم عدالت خان نے اسے مارنے کی کوشش نہ کی۔