لیبیا کشتی حادثے کا ملزم ریڈ بک کا اشتہاری گرفتار

حادثہ میں 7 ہلاکتیں ہوئیں ،ملزم کیخلاف 2023 میں مقدمات درج ہوئے 
 یونان کشتی حادثے میں ملوث ملزم عثمان ججہ کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا
گوجرانوالہ ،لاہور(نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)لیبیا کشتی حادثے کا مرکزی ملزم ریڈ بک کا بدنام زمانہ اشتہاری گرفتار،ملزم کے خلاف سات سے زائد مقدمات درج تھے۔ تفصیلات کیمطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اشتہاری محمد سلیمان کے خلاف 7 سے زائد مقدمات درج تھے۔ملزم کے خلاف کمپوزٹ سرکل گجرات نے سال 2023 میں مقدمات درج کئے، گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام کروڑوں روپے ہتھیائے۔ملزم نے 7 متاثرین سے فی کس 24 لاکھ روپے وصول کئے۔ملزم نے گینگ کے دیگر ملزموں کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا براستہ مصر اور دبئی بھجوایا۔متاثرین کو لیبیا میں موجود سیف ہاؤسز میں نہایت برے حالات میں رکھا گیا تھا۔بعد ازاں ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی۔کشتی حادثے میں شہری جاں بحق ہو گئے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کو جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاتے ہوئے گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ دریں اثنا ایف آئی اے نییونان کشتی حادثے میں ملوث ملزم عثمان ججہ کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈال دیا۔ایف آئی کے مطابق ملوث دیگر انسانی سمگلرز کینام بھی سٹاپ لسٹ میں شامل کردئیے گئے ہیں۔ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر غفلت برتنے والے ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو شوکاز جاری کردیا۔