خیبرپختونخوا میں امن کے لیے آخری حد تک جائیں گے:محسن نقوی

 خیبرپختونخوا میں امن کے لیے آخری حد تک جائیں گے:محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں امن کی بحالی اور استحکام کے لیے اپنی مکمل عزم کا اظہار کیا ہے۔

 انہوں نے یہ بیان چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیرپاؤ سے ملاقات کے دوران دیا، جو آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی رہائش گاہ پر ہوئی۔اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی معاملات، اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا، خاص طور پر کرم ایجنسی کی امن و امان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

محسن نقوی نے آفتاب احمد خان شیرپاؤ کو خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات، خصوصاً کرم ایجنسی کے حوالے سے، تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

انہوں نے آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی خیبرپختونخوا میں سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایک بزرگ سیاستدان قرار دیا جن کی خدمات کا سب معترف ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا، خاص طور پر کرم کے علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا میں امن کی بحالی کے لیے ہر ممکن حد تک اقدامات کیے جائیں گے۔محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ کرم ایجنسی کے حساس معاملات پر سیاست سے گریز کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ ایک نازک مسئلہ ہے جو محتاط حکمت عملی کا متقاضی ہے۔