خیبرپختونخوا میں امن کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت ایک پیج پر ہیں، محسن نقوی

خیبرپختونخوا میں امن کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت ایک پیج پر ہیں، محسن نقوی

پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہیں۔

 انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں صوبائی حکومت کے وزرا شہدا کے جنازوں میں بھی شریک نہیں ہوتے تھے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبائی حکومت کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت سے درجنوں مرتبہ تعاون کی درخواست کی ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاق کا ساتھ دے گی تو اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔ وفاقی حکومت صوبے میں امن کے قیام کے لیے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گی، جبکہ صوبائی حکومت کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی جا سکتی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا۔ خیبرپختونخوا پولیس کو جدید اسلحے کی فراہمی ضروری ہے اور وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام اب امن چاہتے ہیں اور جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

سکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، فیصل کریم کنڈی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن کی بحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہیں۔ سکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ ریاست نے ہم پر اعتماد کیا ہے تو ہمیں اپنی کارکردگی سے واضح فرق دکھانا ہوگا۔ دائیں بائیں توجہ دینے کے بجائے اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے، جبکہ محدود وسائل کے باوجود صوبے میں ترقیاتی کام بھی نظر آنے چاہییں۔

فیصل کریم کنڈی سے امیر مقام کی ملاقات
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں خیبرپختونخوا کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، سیاسی معاملات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔