غزہ میں انسانیت سوز کارروائیوں کی عالمی تحقیقات، اقوام متحدہ میں قرارداد منظور

137 ممالک نے قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالے، امریکا، اسرائیل اور 10دیگر ممالک نے خلاف ووٹ دیا،22 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا
 دی ہیگ (آئی این پی) اقوام متحدہ میں غزہ امدادی سامان کی فراہمی اسرائیل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے قرارداد بھاری اکثریت سے منظور ہو گئی  ۔عرب میڈیا کے مطابق ناروے کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد میں بین الاقوامی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کو ضروری سامان کی بلاروک ٹوک فراہمی اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے اسرائیل کی ذمہ داریوں پر رائے جاری کرے۔137 ممالک نے قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالے۔ امریکا، اسرائیل اور 10 دیگر ممالک نے اس کے خلاف ووٹ دیا جبکہ 22 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ بین الاقوامی عدالت انصاف اقوام متحدہ کا سب سے بڑا جوڈیشل ادارہ ہے اور اگرچہ اس کی مشاورتی رائے قانونی اور سیاسی اہمیت رکھتی ہے تاہم وہ قانونی طور پر پابندی کی طاقت نہیں رکھتی۔ ہیگ میں قائم عدالت ایسا کوئی اختیار نہیں رکھتی کہ اس کی رائے کو نظرانداز کیے جانے کے بعد نافذ کرے۔