15جنوری سے پنشنرز اور بزرگ شہریوں کے چہرے کی شناخت کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ترجمان
اسلام آباد(یواین پی)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے ملک بھر میں15جنوری سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ اورچہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی نئی سہولت متعارف کروانے کا اعلان کردیا۔ ترجمان نادرا کے مطابق نادرا میں ایک مشاورتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جہاں شناخت کی تصدیق میں درپیش مشکلات اور نادرا کی جانب سے ریگولیٹرز اور شہریوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے شناختی تصدیق کے نظام کے تحت مختلف شعبوں کو پیش آنے والی مشکلات، انہیں دور کرنے اور نظام میں جدت لانے کے تقاضوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کانفرنس میں انگلیوں کے مدھم نشانات والے شہریوں بالخصوص پنشنرز اور بزرگ شہریوں کو تصدیق میں پیش آنے والے مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔بعد ازاں نادرا حکام کی جانب سے انگلیوں کے مدہم نشانات والے بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے پنشنرز اور بزرگ شہریوں کے چہرے کی شناخت کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا جو 15 جنوری سے متعارف کیا جائیگا۔