بنغلادیش کرکٹ بورڈ کا اہم فیصلہ، اس سال بی پی ایل کے انعقاد سے انکار

بنغلادیش کرکٹ بورڈ کا اہم فیصلہ، اس سال بی پی ایل کے انعقاد سے انکار

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اس سال بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے انعقاد سے انکار کردیا ہے، جس کے باعث یہ لیگ اس سال منعقد نہیں ہوگی۔

 غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، بی سی بی نے لیگ کے موجودہ فارمیٹ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال نے بتایا کہ گزشتہ دو ایڈیشنز میں تقریباً 40 کروڑ ٹکا کا مالی نقصان ہوا ہے، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لیگ کو نئی حکمت عملی کے تحت بحال کیا جائے گا۔ اس میں فرنچائز سسٹم، مالی معاملات اور قوانین میں اصلاحات کی جائیں گی۔تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ جلد بازی میں پانچ ٹیموں کے ساتھ ٹورنامنٹ کروانے کے بجائے معیار اور ساکھ کو برقرار رکھنا ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فرنچائزز کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی اور عدم تعمیل بی پی ایل کے اہم مسائل رہے ہیں، جس کی وجہ سے بعض فرنچائزز دستبردار ہوئیں یا قواعد کی پاسداری نہیں کی۔

صدر بی سی بی نے واضح کیا کہ بی پی ایل کو ختم نہیں کیا جا رہا بلکہ اسے بہتر اور منظم بنانے کے لیے 6 سے 12 ماہ کا وقت لیا جائے گا۔ بورڈ نے فرنچائزز کے ساتھ رابطے شروع کر دیے ہیں اور اگلے سال اپریل یا مئی تک فرنچائز کے عمل کو مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔نئی حکمت عملی کے مطابق، بی سی بی لیگ کو زیادہ منظم اور پائیدار بنانے کا ارادہ رکھتا ہے، اور اگر لیگ نہ ہونے کی صورت میں متبادل ڈومیسٹک کرکٹ کا کیلنڈر تیار کیا جائے گا۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ بی پی ایل سے انہیں منافع حاصل ہونا چاہیے، نقصان نہیں۔