امریکہ میں خاتون نے شوہر اور دو بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی

امریکہ میں خاتون نے شوہر اور دو بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی

نیو ہیمپشائر کے شہر میڈبوری میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک خاتون نے اپنے شوہر اور دو کم عمر بچوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کر لی ہے۔

یہ واقعہ عوامی اور علاقائی سطح پر غم و غصہ کا سبب بن گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، 34 سالہ ایملی لانگ کی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی، جہاں اس نے خود کو سر میں گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ اس سے قبل اس نے اپنے شوہر، 48 سالہ رائن لانگ، اور ان کے 8 سالہ بیٹے پارکر اور 6 سالہ رائن کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔ تفتیشی رپورٹ کے مطابق، بچوں کو سر میں گولیاں ماری گئی تھی، جبکہ شوہر کو متعدد گولیاں لگی تھیں۔شہریوں کے مطابق، رائن لانگ کینسر کے آخری مراحل سے گزر رہے تھے، اور ان کی بیماری اور ذہنی دباؤ ایملی لانگ کی ذہنی حالت پر منفی اثر ڈال رہے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور وہاں سے ایک آلہ قتل برآمد کیا، ساتھ ہی ایک 3 سالہ بچہ بھی ملا جو خوش قسمتی سے اس واقعے سے محفوظ رہا اور رشتہ داروں کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس اور تفتیشی حکام کے مطابق، خاتون نے خودکشی سے قبل سوشل میڈیا پر اپنے ذہنی دباؤ اور شوہر کی بیماری کے حوالے سے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ واقعے سے دو روز قبل اس نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی، جس میں وہ اپنی ذاتی مشکلات کا ذکر کر رہی تھیں۔اس افسوسناک واقعہ نے علاقہ میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے اور لوگوں میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی اور مدد کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پولیس تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے، اور واقعے کے اصل اسباب کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔