اسلام آباد: حکومت نے رواں برس بھی عشرۂ رحمۃ للعالمین قومی و صوبائی سطح پر شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت بین الصوبائی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اوقاف آزاد کشمیر، پارلیمانی سیکرٹری بلوچستان، وفاقی و ایڈیشنل سیکرٹریز مذہبی امور، اور صوبائی اوقاف سیکرٹریز شریک ہوئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عشرہ یکم تا 12 ربیع الاوّل ملک بھر میں سیرت محافل اور تعلیمی پروگرامز کے ذریعے منایا جائے گا، جس کا مقصد نوجوان نسل کو سیرت طیبہ کی روشنی میں آگاہی دینا ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں مشترکہ پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا اور دینی مدارس کے طلبہ بھی حصہ لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کے ذریعے دور حاضر کے سماجی، اقتصادی اور خاندانی مسائل کے حل میں تعاون کرنا ضروری ہے۔ عصری تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سیرت طیبہ سے روشناس کرانے کے لیے وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس کا موضوع ’’سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمے داریاں سیرت النبی کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ آج کے سوشل میڈیا کے دور میں اسلام کے پیغام کو عام کرنا آسان ہو چکا ہے اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ سیرت کو عام کریں اور اس کا پیغام اجاگر کریں۔