صوابی(نیٹ نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کی تحصیل گدون کے علاقے دالوڑی میں 72 گھنٹوں بعد ریسکیو آپریشن مکمل ہوگیا جہاں کلاؤڈ برسٹ سے پیش آنے والے افسوس ناک سانحے میں دو روز قبل ٹرافی جیتنے والے صوابی کے معروف مخوال (تیر انداز) انور زیب اپنے تین بچوں سمیت زندگی کی بازی ہار گئے۔مشہور تیرانداز انور زیب ایک ماہ قبل ہی سعودی عرب سے آئے تھے اور اگلے ماہ ان کے دوسرے بھائی لندن سے آرہے تھے اور ان سے ملنے کے لیے وہ پہلے ہی صوابی آگئے تھے۔انور زیب مخہ مقامی تیر اندازی کے مقابلوں کے مشہور کھلاڑی تھے اور کلاؤڈ برسٹ سے صرف دو دن پہلے ہی انہوں نے سیمی فائنل میچ میں کامیابی حاصل کی تھی اور فائنل میں اپنے گاؤں دالوڑی کے لیے ٹرافی لائے تھے۔ٹرافی جیتنے کے اگلے ہی روز وہ گھر میں موجود تھے کہ پہاڑی سے بڑے بڑے پتھر اور بادل پھٹنے سے ان کے گھر کے اوپر تین مکان آگئے جس میں ان کے تین بچے ملبے کی نذر ہوگئے اور ان سمیت خاندان کے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔