گلگت ،آزاد کشمیر:کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، 14 افراد جاں بحق

 ندی نالے بپھر گئے،امریکی کوہ پیمازخمی،ایمرجنسی نافذ،پختونخوا میں 2اموات 
دریائے ستلج میں نچلے درجے کا سیلاب، کئی مقامات پر پانی دیہات میں داخل 
سکردو ،مظفرآباد،لاہور،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ،بیورو رپورٹ )گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، بارشوں سے تباہی،ندی نالے بپھر گئے،ایک ہی خاندان کے 6افراد سمیت 14شہری جاں بحق،حکومت گلگت بلتستان نے جگہ جگہ ایمرجنسی نافذ کردی، خیبرپختونخوامیں بھی 2اموات۔ادھر لاہور سمیت بیشتر شہروں میں مون سون کا ساتواں سپیل شروع ہو گیا، قصور میں دریائے ستلج میں نچلے درجے کا سیلاب،کئی مقامات پر پانی دیہاتوں میں داخل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلگت کے ضلع غذر میں طوفانی بارشوں سے ندی نالے بپھر گئے، اشکومن روڈ آٹھ مقامات پر بند ہوگئی ، ایک گاڑی ریلے میں بہہ گئی۔غذر کی تحصیل گوپس کے گاؤں خلتی میں 7 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔4 کی لاشوں کو نکال لیا گیا ، 2کی تلاش جاری ، ایک بچے کو بچا لیا گیا، تھوئی میں ایک شخص لاپتہ ہوگیا، خلتی میں 10 گھر ، دائین میں 70 مکانات ریلے کی زد میں آگئے، دیامر میں بہن بھائی سیلابی ریلیمیں بہہ گئے۔ سکردو میں کے ٹو کی مہم جوئی کے دوران امریکی کوہ پیما تودے کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا، پاک فوج کے ہیلی کاپٹر مشن نے اسے ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کردیا۔ دریں اثناء آزاد کشمیر کی تحصیل نصیر آباد میں کلاؤڈ برسٹ سے ایک خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ضلع باغ میں ندی نالے بپھر گئے، سماہنی کے بھمبر نالے میں سیاحوں کی گاڑی بہہ گئی، تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔سدھنوتی کے نالہ میں طغیانی سے خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ خیبرپختونخوا کے شہر مانسہرہ میں طغیانی میں پھنسے 1300سیاح محفوظ مقام پر منتقل کر د ئیے گئے، ایبٹ آباد تاجوال ندی میں 15سالہ طالبہ جاں بحق جبکہ خاتون ٹیچر زخمی ہو گئی۔دریں اثناء لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ آج بھی بارش کا امکان ہے۔